کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے دورہء کراچی میں انہیں بریفنگ دی گئی کہ آپریشن ضربِ عضب کے باعث آپریشن کراچی کی حکمت عملی تبدیل کردی گئی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت گورنرہاؤس میں امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سیکورٹی حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم نواز شریف کو سیکورٹی اداروں کی طرف سے بتایا گیا کہ آپریشن ضربِ عضب کے باعث کراچی آپریشن کی حکمت عملی میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شہر کی حساس اور مضافاتی آبادیوں میں کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ کراچی آنیوالے آئی ڈیپز کو چیک کیا جارہا ہے۔
ان آئی ڈی پیز میں سے کچھ کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ اور ڈی جی رینجرز نے وزیراعظم کو بتایا کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن درست سمت میں جاری ہے۔ شہر میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔ 7 ہزار پولیس اہلکار بھرتی کئے گئے ہیں جنھیں جلد تربیت دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ سندھ حکومت، وفاق، وفاقی وزارت داخلہ اورتمام فورسز اہلکاروں کی بھرتی و تربیت میں تعاون کریں۔ کور کمانڈر کراچی نے اس موقع پر وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پولیس اہلکاروں کی تربیت میں آرمی ہر طرح سے بھرپور مدد کرے گی۔