بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور دتہ خیل میں زمینی کارروائی تیز کر دی، دہشتگردوں کے اہم تربیتی اور منصوبہ بندی مراکز آپریشن کی زد میں آگئے۔
میرعلی کے علاقوں خیسوراور خوشخالی میں دہشتگردوں کی اہم تربیت گاہوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بویا ، محمد خیل دیگان اور خرکمر میں فوجی دستے آگے بڑھ رہے ہیں۔
پندرہ جون سے جاری فضائی کارروائی میں اہم ٹھکانے تباہ اور ساڑھے چار سو سے زائد ملکی اور غیرملکی دہشتگرد مارے گئے جبکہ وطن کی راہ میں 22 اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
ادھر نقل مکانی کرنے والے9 لاکھ 55 ہزار 996 افراد کا اندراج کرلیا گیا، فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اب تک آئی ڈی پیز میں 40 کروڑ روپے کے لگ بھگ نقد امداد تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ عالمی ادارہ خوراک نے اب تک مجموعی طور پر 3726 میٹرک ٹن خوراک تقسیم کی ہے۔