بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں افواج پاکستان کی کامرانیوں کا سلسلہ جاری ہے ، آپریشن ضرب عضب کے دوران پانچ سو سے زائد دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں ، چونتیس جوانوں نے بھی وطن کی حرمت پر جانیں نچھاور کر دیں۔
افواج پاکستان نے ارض پاک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز پندرہ جون کو کیا ، جیٹ طیاروں کی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک پانچ سو سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
آپریشن ضرب عضب کے دوران چونتیس جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ۔ بیالیس روز سے جاری کارروائیوں کے دوران میران شاہ سے متعدد بارودی فیکٹریاں پکڑی گئیں ، دہشتگردوں کے سیکڑوں ٹھکانے بھی نیست و نابود کر دیئے گئے۔
افواج پاکستان میران شاہ ، دیگان اور بویا کو کلیئر کرا چکی ہیں ، میر علی میں دہشتگردوں کا محاصرہ جاری ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران تیس دہشتگردوں نے خود کو قانون کے حوالے کیا ، دوسری جانب پاک فوج کی جانب سے امن کی خاطر گھر بار چھوڑنے والوں میں بارہ سو ٹن راشن بھی تقسیم کیا جا چکا ہے۔