سرگودھا (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے سرگودھا مصحف ائیر بیس پر پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں ہائی مارک کا معائنہ کیا ، مشقوں میں ایف سولہ، جے ایف سیونٹین تھنڈر، ایف سیون اور میراج طیاروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور ایئر چیف سہیل امان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیاروں کے ساتھ شاہینوں نے خوبصورت فارمیشن بنائی ۔ دلوں کو گرما دینے والا یہ فضائی مظاہرہ پیشہ ورانہ مشقوں ہائی مارک کے دوران مصحف ایئر بیس پر کیا گیا ۔ شاہینوں کی پیشہ ورانہ مشقوں ہائی مارک کے مہمان خصوصی وزیر اعظم نواز شریف تھے ۔ ایئر بیس پہنچنے پر ایئر چیف سہیل امان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ پاک فضائیہ کے دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی ۔ اس موقع پر فوجی بینڈ نے دلوں کو گرما دینے والی دھنیں بھی بجائیں۔