بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج نے میرانشاہ میں زمینی کارروائی شروع کر دی ہے ، دوسری طرف بنوں ، ڈی آئی خان اور ٹانک میں پاک فوج کی آئی ڈی پیز کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں شہری انخلاء کے بعد میرا نشاہ میں زمینی کارروائی کے بعد گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع ہے۔ میرعلی اور دیگر مقامات پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
زمینی کارروائی میں اب تک 15 دہشت گرد مارے گئے۔ گزشتہ پندرہ روز میں دہشت گردوں کے اکسٹھ ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں۔ پندرہ جون سے شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک مارے جانے والے دہشتگردوں کی تعداد تین سو چھہتر تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری طرف بنوں ، ڈی آئی خان اور ٹانک میں پاک فوج کی آئی ڈی پیز کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف شہروں میں قائم پاک فوج کے پچپن ریلیف کیمپوں سے دو سو چھہتر ٹن راشن جمع کر کے بنوں بجھوا دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی طرف سے ہزاروں جانوروں کو بھی علاج اور ویکسی نیشن کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہے۔