لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے فوجی آپریشن ”ضرب عضب “ میں پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
لندن سے جاری ایک بیان میں دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک ایک فوجی جوان تک یہ پیغام پہنچ جائے کہ قوم کا بچہ بچہ فوجی آپریشن ”ضرب عضب“ میں پاکستانی فوج کے ساتھ ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فوج کے جوانوں کے حوصلوں کو جلا بخشنے کیلئے ایم کیو ایم کے”یکجہتی اجتماع “ میں عوام بھرپور شرکت کریں۔
الطاف حسین کا کہنا ہے پاک فوج کے افسر اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے میں فوجی آپریشن کی کامیابی کیلئے دعاؤں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مسلح افواج کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کی سلامتی و بقاء کی جنگ میں مسلح افواج کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔