کارروائی صرف ایم کیو ایم کیخلاف ہو رہی ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ عسکری ونگ تمام جماعتوں کے ہیں لیکن کارروائی صرف ایم کیو ایم کیخلاف ہو رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاوٴس کے باہر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ گلشن معمار میں ایم پی اے آفس پر چھاپے کے بعد صبر کا بندھن ٹوٹ چکا ہے، بدنیتی اور تعصب کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

ایم کیوایم کے قائد نے تمام گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں دھرنے ہو سکتے ہیں توکراچی میں کیوں نہیں، کارکنوں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

الطاف حسین نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ملک میں خانہ جنگی نہ کرائے تو اچھا ہے۔ رینجرز والے اپنی کمر کس لیں، جتنے چاہیں چھاپے مارلیں، رینجرز کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے قائم کردہ کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ہیں لیکن اس حوالے سے کسی دوسری جماعت کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ صرف ایم کیو ایم کے کارکنوں کے خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حقوق کی جنگ کے دوران کوئی سندھ جاگیردار اور وڈیرہ سامنے آئے تو کارکن اس سے نہ ڈریں۔