کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کرمنل مارے گئے اور گرفتار ہوئے، ہم نے شور کیا، نہ احتجاج اور نہ جلوس نکالے۔
کراچی میں الیکشن ٹربیونل میں انتخابی عذرداری کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے کہا کہ بلاول اور بخت آور کی طرف سے ملالہ کو وزیر اعظم بنانے کی بات خوش آئند ہے۔ پیپلزپارٹی کی خوبصورتی ہے کہ اپنے ورکرز کو وزیر اعظم بنا دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی کے کرمنل بھی مارے گئے اور گرفتار ہوئے، ہم نے شور کیا،نہ احتجاج اور نہ ہی جلوس نکالے۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن چھوٹا بھائی ہے اس سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔
پیپلزپارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں گی اور اگلی حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہو گی۔