راولپنڈی (جیوڈیسک) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی موسوی کا کہنا ہےکہ پاک فوج دہشت گردوں کےخلاف آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے۔
سیاسی جماعتیں آپریشن کی کامیابی تک اپنی احتجاجی کالیں ملتوی کر دیں۔ یوم شہادت حضرت علی کا جلوس جڑواں شہروں راول پنڈی اور اسلام آباد میں بھی پورے مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا۔
موہن پورہ سے بر آمد ہونے والے مرکزی جلوس سے کے دوران میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا حامد علی موسوی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور عراق میں دہشت گردی نے مغربی قوتوں کا گھناونا چہرہ بے نقاب کر دیا۔
استعماری قوتیں جنوبی ایشیا میں بھارت کی چودھراہٹ قائم کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب پاکستان کی بقا کی جنگ ہے ، ایسے میں احتجاجی کالیں اور ہڑتالیں دشمن کو تقویت پہنچائیں گی، سیاسی جماعتیں افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہو جائیں۔