لندن (جیوڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری ہے جب کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران طالبان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کر دیا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ برطانیہ کا دورہ کرنے والے ترجمان پاک فوج نے وہاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف وزیرستان آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اوران کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا جبکہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 2 ہزار دہشتگرد ہلاک اور 200 فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔ عاصم باجوہ نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی سپورٹ بہت ضروری ہے اور دہشتگردوں کے معاشی وسائل اور فنڈنگ کے ذرائع ختم کرنا ہوں گے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشتگردوں کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ حملہ ناکام بنایا اور یہی حملہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی بڑی وجہ بنا جب کہ دہشتگردوں کے پاس موجود اسلحے کے ذخائر آئندہ 5 سال تک لڑنے کے لئے کافی تھا جسے پاک فوج نے ختم کیا۔ عاصم باجوہ نے بتایا کہ ہمسایہ ملک افغانستان، ایران اور بھارت کے ساتھ طویل اورغیرمحفوظ بارڈر ہے اور صرف بھارت کے ساتھ 3 ہزارکلو میٹر کا بارڈر ہے جس میں بہت تھوڑے علاقے میں باڑ لگائی گئی ہے۔