آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی ملٹری آپریشنز سمیت قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز، وفاقی وزرا عبدالقادر بلوچ، اسحاق ڈار، گورنر

خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی، اس موقع پر ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اجلاس کے شرکا کو آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے آپریشن کے ذریعے سے خطے میں امن یقینی بنانے کی امید ظاہر کی جب کہ اجلاس میں شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے جب کہ آپریشن کی کامیابی کے لیے نقل مکانی کرنے والے افراد نے پاکستان کے استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ڈی پیز کی بحالی کے تمام اقدامات کرے گی اور ان کی گھروں کو واپسی پر علاقے کی تعمیر نو کے ذریعے ان کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔