پشاور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کے اراکین نے پشاور میں آرمی پبلک سکول اور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی گئی جبکہ کمیٹی اراکین نے میران شاہ میں دہشتگردوں کی بنائی گئی بارود کی فیکٹریوں، پناہ گاہوں اور میڈیا سیل کا دورہ کیا۔
کمیٹی کے چئیرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ شمالی وزیرستان کا زیادہ تر علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرا لیا گیا ہے۔ اس سال کے آخر تک آپریشن ضرب عضب مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی مالی مدد ختم ہونی چاہیے۔
فورسز کا بنیادی فوکس افغانستان سے دہشتگردوں کی نقل وحرکت روکنا ہے۔ دہشتگردوں کی آمدورفت روکنے کے لئے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کی حمایت کرتے ہیں۔ شیخ روحیل اصغر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا کو صوبہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔