لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ برس آپریشن ضرب عضب کا آخری سال ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں مالی کی پہلی سہہ ماہی میں محصولات کی وصولی میں 40 ارب کی کمی تھی جسے پورا کرنے کے لئے ٹیکس لگائے گئے ہیں۔
یہ ٹیکس پرتعیش اور درآمدی اشیا پر لگایا گیاہے، ٹیکس کاسمیٹکس استعمال کرنے والیوں اور چاکلیٹ کھانے والوں پر لگایا گیا ہے۔ مقامی اشیا بیچنے والےدکانداروں کو قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی اور ان کی بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، آئندہ سال ضرب عضب کا آخری سال ہوگا۔ نئے ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی آپریشن ضربِ عضب اور آئی ڈی پیز کی بحالی پر خرچ ہو گی، اس رقم سے صوبوں کو بھی فنڈز دیے جائیں گے۔