مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل

 Allama Nasir Abbas Jafri

Allama Nasir Abbas Jafri

کراچی (خصوصی رپورٹ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کے اپیل پر راولپنڈی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے ساٹھ سے زائد شہروں میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔

اس موقع پر مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ اس موقع پنجاب کے ترجمان علامہ آصغر عسکری، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور دیگر رہنما ء بھی موجود تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسد ی نے کہا کہ غزہ کے ایشو پر عالم اسلام اور بالخصوص عرب ممالک کی خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ ابتک صیہونی فوج کی کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے حکم پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائیگا اور ملک گیر عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علامہ عبدالخاق اسدی نے دو روز قبل ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی سمیت دو محافظ اور ایک ڈرائیور کے آغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے چاروں کارکنان کو راولپنڈی پولیس نے اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی مخالفت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اگر کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا پنجاب حکومت کے خلاف راست اقدام اٹھائیں گے۔ مظاہرے کے اختتام پرامریکہ اور اسرائیل کاپرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔