لاہور (جیوڈیسک) قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردوں کے مذموم عزائم پر وہ کاری ضرب ہے جس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے، پوری قوم جذبہ حریت و حب الوطنی سے سرشار ہو کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ بات انہو ں نے گزشتہ روزن لیگ لاہور تاجر ونگ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
وفد میں خالد جاوید اور وقار حسین بھی شامل تھے ۔قائم مقام گورنر نے کہا کہ حکومت تاجروں کے مسائل سے آگاہ ہے، بجلی کی قلت جلد ختم ہوجائے گی۔ امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنا موجودہ قیادت کی اولین ترجیح ہے جس کا براہ راست تعلق کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ہے۔
قائم مقام گورنر نے تاجروں کو درپیش مسائل، خصوصا مال روڈ، غازی آباد اور اندرون شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔