آپریشن عدلیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے کیا گیا

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) فاروق ستار نے کہا ہے کہ عدلیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے آپریشن کیا گیا۔ سندھ حکومت نے 90 کی دہائی کی سیاست شروع کر دی۔ معصوم کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد ذرائع سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں نہ اچھی حکمرانی ہے اور نہ ہی معاملات صاف ہیں۔

سندھ حکومت نے 90 کی دہائی کی سیاست شروع کر دی ہے۔ ہم وڈیروں کی غلامی قبول نہیں کرینگے۔ سندھ کے ہاریوں کو بھی وڈیروں کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ کل رات عدلیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے بیگناہ معصوم کارکنوں کو ماورائے آئین گرفتار کیا گیا۔

گرفتار افراد میں کچھی اور تاجر برادری کے افراد شامل ہیں جن کو بھتہ نہ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔ ایسی کارروائیاں جمہوریت اور آئین پاکستان کے منہ پر گھونسا ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں غیر جمہوری اقدامات، ماورائے آئین گرفتاریوں اور چھاپوں کی مذمت کی۔

جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروانے پر وزیر داخلہ کا شکر گزار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پاکستان کو دائو پر لگایا جا رہا ہے۔ ہم کراچی اور پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت کی ناکامی پر الطاف حسین نے کراچی میں فوج بلانے کا کہا تھا۔