وزیرستان (جیوڈیسک) آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ نائب صوبیدار مزمل شہید ہو گئے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔
اس آپریشن کے دوران پاک فوج مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ افسر و جوان پاک سر زمین پر اپنی جان بھی نچھاور کر رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ سے 5 کلومیٹر جنوب مشرق میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے نائب صوبیدار مزمل شہید ہو گئے اس سے پہلے کالعدم تحریک طالبان نے شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران کمانڈر محمد حسن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان شاہد اللہ شاہد کے مطابق محمد حسن دو روز پہلے بویہ میں پاک فوج کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا۔