آپریشن ضرب عضب؛ خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی بمباری سے 3 دہشتگرد ہلاک، 6 زخمی

Aircraft

Aircraft

خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) باڑا کے علاقے نالہ میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے 3 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔

خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑا کے علاقے نالہ میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ جیٹ طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کا ایک ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فضائیہ اور آرمی نے میران شاہ کے علاقے قطب خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 20 دہشت گرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے تھے۔

حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 روز قبل شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 250 سے زائد دہشت گرد ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں۔

جب کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے 8 جوان بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث اب تک 2 لاکھ سے زائد لوگ بنوں اور دیگر علاقوں میں نقل مکانی کر چکے ہیں۔