آپریشن ضرب عضب جاری، میران شاہ کا 80 فیصد علاقہ کلیئر کرا لیا

DG ISPR

DG ISPR

راولپنڈی (جیوڈیسک) ) شمالی وزیرستان میں فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ جیٹ طیاروں نے میران شاہ کے علاقے زوئی درہ سیدگی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

کارروائی میں گیارہ دہشت گرد ہلاک اور ان کے تین ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ میران شاہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر اور کمانڈر ضرب عضب میجر جنرل ظفر اللہ خان خٹک نے میڈیا کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ میران شاہ کا 80 فیصد علاقہ کلیئر کرا لیا گیا ہے اور دو سو پچاس نئی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔ دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی تباہ کر دیا گیا۔ آپریشن کمانڈر نے بتایا کہ میرانشاہ میں القاعدہ کی اسلحے کی دکان پکڑی گئی ہے۔

جس میں اسلحہ، گولہ بارود اور ٹیکنالوجی فروخت کی جاتی تھی۔ بارودی سرنگوں کی گیارہ فیکٹریاں بھی تباہ کی جا چکی ہیں۔ میجر جنرل ظفر اللہ خان خٹک کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران سلنڈروں میں بھرے آٹھ ہزار بم اور دو سو چونتیس خودکش جیکٹیں برآمد کی ہیں۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گردوں کا بلا امتیاز خاتمہ کیا جائے گا۔

حافظ گل بہادر جہاں بھی ملے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔ ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پائیدار قیام امن کیلئے شمالی وزیرستان میں غیر مقامی کا افراد کا داخلہ بند ہو گا۔ شمالی وزیرستان سے فرار ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف افغان حکومت کارروائی کرے۔