آپریشن ضرب عضب جاری، مزید25 دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی جوان شہید

Operations

Operations

راولپمڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے تازہ کارروائیوں میں مزید 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔جب کہ 10 دہشت گرد اسپن وام اور میر علی میں فوج کا حصار توڑنے کی کوشش میں مارے گئے۔

اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان بھی شہید ہو گئے۔ بمباری سے دہشت گردوں کی طرف سے اپنے خفیہ ٹھکانوں کیلئے بنائی گئی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئیں۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی فضائی نگرانی جاری ہے۔

دوسری طرف نقل مکانی کرنے والوں کے لیے میران شاہ روڈ پر شام چھ بجے تک کرفیو میں نرمی کر دی گئی۔ بنوں میں آرمی کا فیلڈ اسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔ جہاں آئی ڈی پیز کو طبی امداد فراہم کی جائے گی۔

نادارا حکام کے مطابق شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کی تعداد چار لاکھ 23 ہزار 4 سو 86 ہو گئی ہے۔ 34 ہزار 625 خاندانوں کو بنوں میں رجسٹر کیا گیا۔

گیارہ سو خاندان ڈیرہ اسماعیل خان اور 480 خاندان لکی مروت میں ہیں۔ بنوں کے علاقے بکا خیل میں امدادی کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں صحت، صفائی ، خوراک اور مساجد کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔