پشاور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر اور خیبرپختونخوا کے سینئر وز یرسراج الحق نے کہا ہے کہ میران شاہ، رزمک اور میر علی میں ہونے والے آپریشن سے اب تک تین لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں اور مزید تین لاکھ کی نقل مکانی کاامکان ہے۔
پشاور میں وزیر صحت شہر ام ترکئی اور وزیر اطلاعات شاہ فرمان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سینئر وزیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ آپریشن مسائل کا حل نہیں اور مذاکرات ہونے چاہئیں، صوبائی حکومت سے آپریشن کے حوالے سے مشورہ نہیں کیا گیا۔
تاہم آپریشن کے تمام اثرات خیبرپختونخوا پر مرتب ہونگے، لیکن اس کے باوجود قبائل کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ بنوں کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جبکہ طبی عملہ اور گاڑیاں بنوں روانہ کردی گئی ہیں۔
کمشنر بنوں کی سربراہی میں ہرقسم کے مسائل کے حل کے لئے کونسل قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 کروڑ روپے پہلے ہی ان کے لئے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ گھر کے کرائے کی مد میں تین ہزار روپے اور رمضان پیکیج بھی دیا جائے گا۔ اسی طرح بندوبستی علاقے میں مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نقل مکانی کرنے والوں کواسمارٹ کارڈ اور موبائل سمز دے گی۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے نقل مکانی کرنے والوں کے لئے این جی اوز اور بین الاقوامی اداروں سے مدد نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔