لاہور (جیوڈیسک) آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں آپریشنز جاری ہیں۔ اب تک غیر قانونی مقیم افغان باشندوں، جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد سمیت تقریباً 300 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
آپریشن رد الفساد کے تحت تازہ کارروائیاں کراچی، حیدرآباد، لاہور، حافظ آباد، کبیر والا اور چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں کی گئی۔ پنجاب اور سندھ کی ان تازہ کارروائیوں میں 49افراد کو حراست میں لیا گیا۔
کراچی کے علاقوں کٹی پہاڑی اور مشرف کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کٹی پہاڑی اور بلدیہ ٹائون سے 16افغان باشندوں کو بھی گرفتار کیاگیا۔
حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور ریپڈرسپانس فورس نے سائٹ ایریا، ہاشمی کالونی، لیبرکالونی اور ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کی اور 14 افغان باشندے گرفتار کیے جن کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
حافظ آباد میں کسوکی کے علاقے میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے 15 دیگر مشتبہ افراد کو کوائف کی تصدیق کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔
چنیوٹ میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 16 ملزمان کوگرفتار کرلیاجبکہ نا جائز اسلحہ ومنشیات برآمد ہونے پر 3 ملزمان گرفتار کرلیا۔
رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا جہاں غیر ملکیوں کی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق کارروائی کے دوران 4 افغانی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب مشرف کالونی اور اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں پولیس کارروائی نے کارروائی کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایس پی بلدیہ ٹائون آصف رزاق کے مطابق اتحاد ٹائون میں کاروائی کے دوران منشیات فروش کو گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے قبضے سے 1320 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
دوسری طرف اتحاد ٹائون پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم 12 افغان باشندوں کو گرفتار کرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔