آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں آج 25 دہشت گرد ہلاک اور 2 جوان شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

North Waziristan

North Waziristan

راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر نے شمالی وزیرستان آپریشن کی نئی تفصیلات جاری کر دیں جس کے مطابق آج ہونےوالی کاررروائی میں 25 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے آج صبح میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران دہشت گردوں کے 8 ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا۔ترجمان افواج پاکستان کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے اسپن وارم سے دہشت گردوں کے فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان بھی شہید ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہےکہ آپریشن کےدوران دہشت گردوں کےفرارہونےکی متعددکوششیں ناکام بنائی گئیں جبکہ دہشت گردوں کی سرنگوں کو بھی تباہ کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیدگئی چیک پوسٹ پر اب تک 4 لاکھ 14 ہزار 429 آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے جبکہ پاک فوج نے بنوں میں امدادی اشیا کی تقسیم کے لئے 4 کیمپ بھی قائم کر دیئے ہیں اس کے علاقہ بنوں میں آرمی میڈیکل کور کا ایک فیلڈ میڈیکل اسپتال بھی قائم کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب پاک فوج نے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے متاثرین کے لئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں تین ریلیف فنڈ قائم کردیئے،آئی ایس پی آر کے مطابق اسلام آباد میں ریلیف کیمپ فاطمہ جناح پارک اور ایف نائن میں قائم کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی میں ایک ریلیف کیمپ پولو گراؤنڈ اور ریس کورس گراؤنڈ میں قائم کیا گیا ہے۔

پاک فوج نے متاثرین کے لئے دوسرا کیمپ راولپنڈی کے عمران خان ایونیو اور چکلالہ اسکیم تھری میں قائم کیا،ترجمان پاک فوج کا کہنا ہےکہ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے لیے امدادی اشیا اکٹھا کی جائیں گی جبکہ مخیر حضرات بھی امدادی اشیا فراہم کرنے کے لئے کیمپوں سے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کامیابی سے جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں دہشت گردوں ہلاک ہوچکے ہیں اور کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے خالی کرا لیا گیا ہے جبکہ آپریشن سے متاثرہ افراد کو ٹھہرانے کے لئے پاک فوج اور حکومتی سطح پر انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئی ڈی پیز کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔