لندن (جیوڈیسک) ثبوت ناکافی ہونے پر اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف نفرت انگیز تقریر کے الزام کی تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
لندن سے جاری ایم کیو ایم کے اعلامیہ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کو لندن پولیس نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ ثبوت ناکافی ہونے پر انہوں نے الطاف حسین کے خلاف نفرت انگیز تقریر کے الزام کی تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق الطاف حسین پر سیاسی مخالفین کی جانب سے مئی دو ہزار تیرہ میں نفرت انگیز تقاریر کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ مزید اس معاملے پر زور نہیں دے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ دیگر کیسز میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں میٹروپولیٹن پولیس کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔