اپوزیشن نے فوج آئین عدلیہ اور پارلیمنٹ کی توہین کی ہے : طاہر حسین
Posted on November 9, 2013 By Majid Khan کراچی
کراچی : پارلیمنٹ کے باہر سیاسی اکھاڑہ سجا کر توہین پارلیمنٹ کرنے والوں نے محسن پاکستان پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کی قرار داد منظور کر کے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کرپشن دھونس و دھاندلی اور انسانی لہو و لاشوں کی سیاست کے ذریعے پارلیمنٹ میں پہنچنے والے روایتی وموروثی سیاستدان جاگیردار اورسرمایہ دار اس ملک اور عوام سے کبھی مخلص نہیں ہو سکتے۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے متحدہ اپوزیشن کی مشرف پر آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانے کی قرارداد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرف پرعوام دشمنوں اور اقتدار پرستوں کی جانب سے بنائے گئے خودساختہ و جھوٹے مقدمات عدالتوںمیں زیر سماعت ہیں اور عدلیہ کی جانب سے بینظیر قتل کیس اکبر بگٹی قتل کیس ججز بندی کیس اور لال مسجد و غازی عبدالرشید سیمت تمام کیسز میں مشرف کی ضمانت پر رہائی کے باوجود پارلیمنٹ کے سامنے استحصالی میلہ لگانے والوں نے مشرف کیخلاف قراردادمنظور کرکے توہین عدالت کا بھی ارتکاب کیا ہے جس پر اعلیٰ عدلیہ کو سوموٹو ایکشن اور فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔
طاہر حسین سید نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور اسے عدم استحکام و تباہی سے محفوظ رکھنا افواج پاکستا ن کی ذمہ داری ہے اور جب بھی منافق سیاستدان اس ملک و قوم کو تباہی سے دوچار کرتے ہیں افواج پاکستان اپنے فریضے کی ادائیگی پر مجبور ہوجاتی ہیں اوربحیثیت آرمی چیف و صدر پاکستان مشرف کے تمام اقدامات بھی پاکستان و عوام کے تحفظ و بقا کیلئے تھے جنہیں غداری یاغیرآئینی قرار دینابذات خود توہین آئین توہین منصب صدارت اور پاکستان و عوام دشمنی کے مترادف ہے !
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com