اپوزیشن جماعتوں کا چودھری نثار کیخلاف تحریک استحقاق لانے پر غور

 Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر اعتزاز احسن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمنٹ میں اجلاس ہوا جس میں سینٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ کیخلاف احتجاج کا دائرہ قومی اسمبلی تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اپوزیشن ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار کے خلاف احتجاج کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف سے بھی رابطہ کیا جائے گا جبکہ اپوزیشن جماعتیں چودھری نثار کیخلاف تحریک استحقاق لانے پر بھی غور کر رہی ہیں۔

سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر داخلہ کا رویہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے جمہوری روایات کی نفی کی ہے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آج سینٹ اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے۔ اپوزیشن جماعتوں نے سینٹ اجلاس کا پیر تک بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت سینٹ اجلاس میں صرف 15 حکومتی اراکین موجود تھے۔ ایم کیو ایم سمیت اپوزیشن اراکین اجلاس میں نہیں آئے۔ چیئرمین سینٹ نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔