پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے سے بچنے کے لئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم جمع کرا دی۔
گزشتہ روز قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے دستخط بھی لے لئے گئے ہیں جب کہ صوبائی حکومت میں شامل تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد کو منانے کا ٹاسک آفتاب احمد خان شیر پاؤ کو دے دیا گیا تاہم آج اپوزیشن کی جانب سے جے یو آئی (ف) کے رہنما نطف الرحمن نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد صوبائی اسمبلی کے سیکرٹری امان اللہ کے پاس جمع کرادی گئی جس پر 46 اراکین کے دستخط موجود ہیں۔
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا مقصد وزیراعلیٰ کو ہٹانا نہیں بلکہ اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانا ہے تاہم صوبائی وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اس تحریک کا دفاع کرے گے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 55 ہے جب کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے 63 ووٹ درکار ہیں۔ دوسری جانب عوامی جمہوری اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صوبائی اسمبلی میں حکومت کا حصہ ہیں تاہم تحریک انصاف نے استعفوں کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔
واضح رہے کہ 124 اراکین پر مشتمل خیبر پختون خوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی کے پاس 8 جب کہ عوامی جمہوری اتحاد کے 5 اراکین شامل ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں میں مسلم لیگ ن کے 17، جمعیت علمائے اسلام (ف) 17، قومی وطن پارٹی 10، عوامی نیشنل پارٹی 5، پاکستان پیپلز پارٹی 5 اور 2 آزاد اراکین بھی شامل ہیں۔