اپوزیشن کے پاس تنقید کا کوئی جواز نہیں رہا، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس تنقید کا کوئی جواز نہیں رہا تو ایوان کے بائیکاٹ کا راستہ اختیار کیا ہے، کہتے ہیں حکومت، فوج اور حکومتی اداروں کی ایک سوچ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اب کوئی ایشو نہیں رہ گیا، پہلے خارجہ پالیسی، کراچی اور بجلی کی صورتحال ایشو تھے، ان معاملات میں حکومتی اقدامات کے باعث اپوزیشن کے پاس تنقید کا کوئی جواز نہیں رہا، جب کچھ نہیں بچا تو اپوزیشن یہ راستہ اختیار کیا ہے اپوزیشن کو منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت، فوج اور حکومتی اداروں کی ایک سوچ ہے، خود آرمی چیف کہہ چکے ہیں کہ حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلیے کوششیں کرے گا، پاکستان کا رخ درست سمت میں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کامران مرتضیٰ کو سپریم کورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔