اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کھل کر وضاحت فرما دی کہ اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا گیا اور نہ ہی کیٹ واک اور اپوزیشن لیڈر نے جو کچھ کہا ہم اسے تسلیم کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے پرویزرشید نے کہا کہ وزیراعظم 2 روز قبل ایوان میں تشریف لائے، انہوں نے اپنی بات کہی اور سب ان کی بات سننے کے لیے بیٹھے رہے لیکن اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرگئی اور اس حوالے سے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کھل کروضاحت فرما دی کہ نہ ہی پیر کے روز پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا گیا اور نہ ہی کیٹ واک تاہم ہم منتظر تھے کہ اپوزیشن بات کرے اورہم انہیں سنیں۔
پرویزرشید نے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت جلدی میں ہیں، ان کی بہت مصروفیات ہیں، یہ 3 دن پہلے پاکستان پہنچے ہیں ان کو موقع ملنا چاہئے، ہم ان کی تقریرسنیں گے لیکن خورشید شاہ صاحب سے ہماری معصومانہ خواہش ہے کہ جیسے آپ کی بات سنی گئی مہربانی کر کے آپ ہماری بات بھی سنئے گا۔