اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج، فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ

Opposition

Opposition

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں اکرم خان درانی ،احسن اقبال، طاہر بزنجو، نیئر بخاری، میاں افتخار، عثمان کاکڑ اور فرحت اللہ بابر شریک ہوئے۔

کمیٹی نے پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کرانے کیلئے دباؤ بڑھانے اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا جبکہ فارن فنڈنگ کیس پر اعلی عدلیہ سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد رہبر کمیٹی کے ارکان پارلیمنٹ ہائوس سے پیدل ہی احتجاج کے لیے الیکشن کمیشن پہنچے۔ ارکان اسمبلی نے احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روانہ کی بنیاد پر سماعت کا مطالبہ کیا۔

رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کہا کہ کیس میں تاخیر ملک کے لیے نقصان دہ ہے، الیکن کمیشن سے درخواست ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کی جائے اور کیس کا جلد فیصلہ کرے، جس روز فیصلہ آئے گا تو پوری تحریک انصاف ختم ہو جائے گی۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے درجنوں بےنامی اکاؤنٹس رکھے اور ان کی تفصیلات پیش نہیں کیں،پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے، امریکا، یورپ، بھارت، مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ذاتی اکاؤنٹس میں پیسے آتے تھے، بیرون ملک سے پیسہ عمران خان کے اکاؤنٹ میں آتا تھا، اگلے مہینے چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو جائیں گے، پی ٹی آئی کوشش کر رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل ختم ہوجائے تاکہ مقدمے کی کارروائی غیر موثر ہو جائے۔

پی پی پی رہنما نیر بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف تحقیقات جلد از جلد کی جائے، قوم مطالبہ کر رہی پی ٹی آئی تلاشی دے، کیونکہ انصاف میں تاخیر انصاف کاقتل ہے۔