اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے کہ کمیشن نتائج پر پہنچ کر رپورٹ پیش کرے گا اور حکومت سے بھی امید کرتے ہیں کہ اس کمیشن کی رپورٹ کو جلد سے جلد مکمل کرکے ایوان اور قوم کے سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کو دوام بخشنے ایوان میں نہیں آئے، ہم جمہوریت کو فروغ دینے اور اس کی شمع جلائے رکھنے کے لیے آئے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ حزب اختلاف اس معاملے میں حقائق کی روشنی میں بھرپور تعاون کرے گی۔
تاہم اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے واضح کیا کہ دھاندلی کی تحقیقات کےلیے اسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے، پارلیمانی کمیشن نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سنگین مذاق ہے کہ ٹیکس دینے والوں پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا، وزیر خزانہ نے نجانے لیڈر کی آشیرباد کے ساتھ یا خود فیصلہ کیا؟ ہم نے ٹیکس چوروں کے لگژری گاڑیاں خریدنے کا راستہ بند کیا تھا انھوں نے کھول دیا۔
انہون ںے کہا کہ ‘یہ نیا پاکستان ہے؟ کیا یہ تبدیلی ہے؟ مجھے اسد عمر سے یہ امید نہیں تھی، آج ایمانداری ہار گئی اور بے ایمانی جیت گئی، ہماری حکومت نے ٹیکس کم کردیا تھا، اس حکومت نے واپس 15 سے 30 فیصد کردیا، اس بجٹ میں 183 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہيں’۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ‘آج انہوں نے اپنا ہی مؤقف غلاف میں بند کرکے 70 ارب روپے سے زائد کے اِن ڈائریکٹ ٹیکس لگاديئے، نان ٹیکس فائلرز آج پورے پاکستان میں گھنگرو ڈال کر گاڑیاں اور پراپرٹی خرید سکتا ہے، اسد عمر نے نان ٹیکس فائلرز کی چاندی کرادی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی طاقت اس کی معاشی حالت سے جڑی ہوتی ہے، انتہائی اعتماد سے کہتا ہوں کہ 2013 میں (ن) لیگ کی حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں حکومت کو ملنے والے دہشت گردی اور بدترین لوڈشیڈنگ جیسے چیلنجز کو شکست دی، ملک کی خوشحالی سے جڑے منصوبوں کو مکمل کیا، ملکی تاریخ میں زراعت کا سب سے بڑا پیکج (ن) لیگ نے دیا جس میں اربوں روپے کی کھاد کی سبسڈی، بجلی سے چلنے والی ٹیوب ویلز پر ساڑھے پانچ روپے فی یونٹ سبسڈی بھی شامل ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار کسانوں کو بلا سود اربوں کے قرضے دیئے گئے، ملک کی زراعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا، فخر ہے نوازشریف کی قیادت میں قوم کی بھرپور خدمت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی دو رائے نہیں اور قوم کو اچھی طرح علم ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے ووٹوں کی نہیں بلکہ دھاندلی کی پیداوار ہے، عام انتخابات میں تبدیلی کے علم برداروں نے الف لیلوی داستانیں سنائیں، مجبور ہوکر یا جوش خطابت کے تحت بڑے سبز باغ دکھائے اور وعدے وعید کیے، تبدیلی کی آس پر جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے وہ بھی آج پریشان ہوکر جگہ جگہ واویلا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی نوید سنانے والے اور ملک کے اندر میرٹ کو یقینی بنانے کا نعرہ لگانے والوں کے ذاتی دوست، خدمت گار اور امپورٹڈ مشیر ہرجگہ نظر آتے ہیں، پی ٹی آئی کے وہ لوگ جنہوں نے اس پارٹی کی بنیاد رکھی ان سے آج کوئی ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پروٹوکول نہ لینے اور سادگی کی دھول آنکھوں میں جھونکی گئی، امریکی سیکریٹری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرکے قوم سے غلط بیانی کی گئی، چین کے وزیر خارجہ کو بجائے سرآنکھوں پر بٹھایاجاتا بلکہ انہیں انتہائی بے رخی سے خوش آمدید کہا گیا، سی پیک کے حوالے سے جو کنفیوژن پیدا کی اور بعض مشیروں نے دنیا کے اخباروں میں جو باتیں کیں، سمجھتا ہوں کہ وہ پاکستان کے ساتھ بدترین دشمنی کے مترادف ہے۔
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ سی پیک ملک کی ترقی خوشحالی کا پیکٹ ہے، یہ معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سنہری موقع ہے، سی پیک سے متعلق اس حکومت کو ایسا کرنا زیب نہیں دیتا تھا، ہم سی پیک کو کہیں نہیں جانے دیں گے اور اس کے راستے میں دیوار چین کی طرح کھڑے ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیر خزانہ نے منی بجٹ کی صورت میں مہنگائی کا بم گرایا، اسد عمر سے یہ توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کا عوام دشمن بجٹ لائیں گے، متوسط طبقے کے لیے گیس کی قیمت بڑھادی گئی، آپ اشرافیہ کے لیے قیمت بڑھاتے تو کوئی اعتراض نہیں تھا لیکن نچلے طبقے پر اتنا بوجھ ڈالنا ظلم و زیادتی ہے، (ن) لیگ نے اس طبقے کے لیے پانچ سالہ دور میں ایک دھیلا گیس کی قیمت نہیں بڑھائی تھی، گیس کی قیمت بڑھے گی تو غریب کسان مارا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے دنیا کی تاریخ کے سستے ترین بجلی منصوبے لگائے، دنیا کے ٹرائم فریم میں سب سے برق رفتار یہ منصوبے لگائے گئے،اس وقت وافر بجلی ملک میں موجود ہے لیکن جب گیس کی قیمت بڑھائیں گے تو پیداوار اور ایکسپورٹ مہنگی ہوں گی۔
اپوزیشن لیڈر نے حکومت سے گیس کی قیمتیں فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بھی اس اضافے کو رد کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم خوش قسمت ہیں کہ انہیں ورثے میں کوئی بحران نہیں ملا، جب ہم آئے تو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ایک چیلنج تھا، نواز شریف نے ایک بہترین سیاسی فیصلہ کیاجس کے بعد مسلح فواج، پولیس اور دیگر فورسز کی عظیم کامیابی اور قربانی سے ملک سے دہشت گردی کا کافی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے، ضرب عضب اور رد الفساد نے ملک میں دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کے لیے بے پناہ کامیابی حاصل کی، اس طرح ملک میں امن قائم ہوا۔
بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔