اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تو ٹی او آرز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہے۔ ہم ڈائیلاگ سے انکار نہیں کرتے، انکار کرنے والا ڈکٹیٹر ہوتا ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے ہمارے ٹی او آرز میں کوئی چیزغلط نہیں ہے۔
وزیراعظم کا نام اس لیے دیا کہ ان کی وزیراعظم ہونے کی وجہ سے مورل اتھارٹی ہے۔ میاں نواز شریف بیٹوں کا نام پر آنے پر جواب دیں۔ اگر ملک کے وزیراعظم کے بیٹے ٹیکس نہ دیں تو کس منہ دوسروں کو ٹیکس کا کہیں گے۔
وزیراعظم نے اشتہارات میں صفائیاں پیش کرنے کے لیے کروڑوں کے اشتہارات دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا تھا کہ محترمہ تیسری بار وزیراعظم نہیں بنیں گی۔ ہم نے نیا قانون نواز شریف کے لیے بنایا کہ وزیراعظم بنیں۔ ہم کیوں چاہیں گے کہ نواز شریف کو نکالا جائے۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ٹی او آرز حکومت کو بھجوانے پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ خورشید شاہ کل وزیراعظم کو خط لکھ کر اپوزیشن کے ٹی او آرز سے باقاعدہ طور پر آگاہ کریں گے۔
خورشید شاہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم کو خط لکھنے پر اپوزیشن سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات اپوزیشن کے ٹی او آرز سے ہی ہو سکتی ہیں۔ اگر وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ الزامات غلط ہیں تو انہیں تحقیقات سے بھاگنا نہیں چاہیے۔