جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی جماعت تبدیلی نہیں لا سکتی، میاں اسلم

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

راولپنڈی (جیوڈیسک) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار اور حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی جماعت نہیں لا سکتی، اس تبدیلی کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ملک کو مسائل سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔ کارکنان 21، 22 اور 23 نومبر کو لاہور مینار پاکستان پر اجتماع عام کی دعوت ہر شخص تک پہنچائیں۔ یہ اجتماع ملک میں تبدیلی کا پیش خیمہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا پاکستان جو دنیا بھر میں اناج گھر اور سونے کی چڑیا کے نام سے جانا جاتا ہے آج یہاں ہماری بیٹیاں اور بہنیں بچوں سمیت دریائوں میں چھلانگیں لگا کر خود کشیاں کر رہی ہیں۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ غریب کی زندگی اجیرن ہو رہی ہے۔

دریں اثنا میاں اسلم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن جماعتوں نے یک زبان ہو کر آئین، جمہوریت اور سسٹم کی حمایت کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ کسی غیر آئینی تبدیلی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئی ہیں۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے ۔ الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی طور پر مستحکم اور آزاد ہونا چاہئے اور انتخابی معاملات کے لیے مستقل عملہ تیار کیا جائے۔