اپوزیشن کا 3 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی تک ٹرین مارچ کا اعلان
Posted on February 27, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی(جی پی آئی)متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی صدارت میں ادارہ نورحق میں ہوا’ اجلاس میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل نہ کرنے اور قبل ازیں انتخابات بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف3 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی تک ٹرین مارچ کا بھی اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے عرفان اللہ مروت’ تحریک انصاف کے حفیظ الدین’ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مفتی عمر صادق مولانا محمد غیاث’ جمعیت علمائے پاکستان کے محمد حلیم خان غوری’ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد جمعیت علمائے اسلام(س) کے غلام مصطفی فاروقی’ نیشنل پیپلزپارٹی کے سید ضیا عباسی عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان’ مسلم لیگ فنکشنل کے ندیم مرزا ‘ محمد یوسف ایڈووکیٹ’این پی پی کے مشتاق احمد اعوان’ مسلم لیگ شیر بنگال کے محمد حسین شیخ’ انور علی اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ ووٹر لسٹو ںکی تیاری میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر رائے عامہ کوبیدارکیا جائے گا اور کراچی سے راولپنڈی تک تاریخی ٹرین مارچ کے ذریعے الیکشن کمیشن کو باور کرایا جائے گاکہ کراچی کے عوام انتخابی بے قاعدگیوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے اور ہر سطح پر اس جمہوری ڈاکے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہاکہ کراچی میں ہونے والے انتخابات کے دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
کراچی میں جاری بدامنی’ قتل وغارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کی ایک اہم وجہ جعلی انتخابی فہرستیں اورالیکشن والے دن پولنگ اسٹیشنوں پر ٹھپہ مافیا کا قبضہ ہے اگر یہ صورتحال جوں کی توں برقرار رہی تو پورا انتخابی عمل بے معنی ہوکر رہ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے سیاسی ومذہبی جماعتوںکی درخواست پر انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنے کے جو احکامات دئیے تھے۔
اس پر عمل درآمد نہ کرکے الیکشن کمیشن نے عوام کوشدید مایوس کیا ہے اور اپنے عمل سے عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹرین مارچ کی تفصیلات 28 فروری کو ہونے والی پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر کے امن کو بحال کرنے ‘ انتخابی فہرستوں کی درستی کیلئے اور نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ٹرین مارچ میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔