اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بجلی پر عائد جی ایس ٹی کو جگا ٹیکس قرار دے دیا، کہتے ہیں ٹیکس سے استثنی اسکیمیں صرف امیروں کیلئے ہیں، سادگی اپنانے کا بل جلد اسمبلی میں پیش کرینگے۔
پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ تیس لاکھ سے زائد امرا ٹیکس نہیں دیتے، صورتحال ایف بی آر کے علم میں بھی ہے، ٹیکس نہ دینے والوں میں جائیداد کا کاروبار کرنے والے برسر اقتدار لوگ بھی شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تیس لاکھ ٹیکس چوروں سے تین سو ارب ٹیکس نکلوایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکس بیرونی دوروں پرخرچ کئے جا رہے ہیں۔
بجلی پر عائد جی ایس ٹی جگا ٹیکس ہے اسے فوری واپس لیا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے نو سو ارب کی ٹیکس اور بجلی چوری روکنے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے پشاور کے گورنر ہاس میں خواتین پارک بنانے کا اعلان بھی کیا۔