اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا اسلام آباد کے نجی اسپتال میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا۔
شہباز شریف کو نیب کی تحویل میں اسپتال لایا گیا جہاں ان کے خون کے نمونے لیے گئے اور سی ٹی اسکین بھی کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چار رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا سی ٹی اسکین کرانے کا مشورہ دیا تھا جب کہ میڈیکل بورڈ نے کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ بھی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
ذرائع کے مطابق تمام ٹیسٹ کے بعد شہباز شریف اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے اور رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی سفارشات پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے اور ان کے خون کی حالیہ تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔