کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وعدے کے مطابق کراچی کو فنڈز مہیا کیے ہوتے اور سیاست نا کی ہوتی تو آج یہ دن نا دیکھنا پڑتا۔
شہباز شریف کے ساتھ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال بھی کراچی پہنچے ہیں،کراچی آمد پر اپوزیشن لیڈر نے ائیرپورٹ لاؤنج میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نےکہا کہ کراچی کے حالات دیکھ کریہاں آیا ہوں، بارشوں نے شہر کو بہت متاثر کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کراچی کو ابھی تک جتنا بنایا (ن) لیگ نے بنایا، میگا پروجیکٹ شہر میں (ن) لیگ کی جانب سے شروع کیے گیے اور ابھی تک ایسے بہت سارے منصوبے ہیں جنہیں نواز شریف نے شروع کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اس وقت سیاست نہیں کرنی ہے، یہ وقت مخالفت برائے مخالفت کا نہیں ہے، جن کے گھر، فصلیں اور مال مویشی تباہ و برباد ہوئے انہیں معاوضہ دیا جائے، امیر و غریب سب ہی سیلاب کی تباہ کاری سے پریشان ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وفاق نے کراچی کے لیے اربوں روپے دینے کا وعدہ کیا تھا وہ فنڈز کہاں ہیں؟ وفاق نے وعدے کے مطابق فنڈز مہیا کیے ہوتے اور سیاست نا کی ہوتی تو آج یہ دن نا دیکھنا پڑتا، وفاق نے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کام کیا ہوتا تو یہ حالت نا ہوتی۔
اس سے قبل کراچی روانگی کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ سندھ کے عوام سے اظہار یکجہتی کا پیغام لے کر جارہا ہوں، کراچی میں بارشوں سے تباہی کے بعد سب ایک ہو کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کروا رہے ہیں اور ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد بلا تاخیر واپس آجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کریں گے جس میں اپوزیشن کی مشترکہ پلیٹ فارم سے عملی جدوجہد پربھی مشاورت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اپوزیشن کی رہبرکمیٹی میں پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی دوبارہ شمولیت کا فیصلہ ہوگا جب کہ ملاقات میں اپوزیشن کی آل پارٹیزکانفرنس بلانے پر بھی مشاورت ہو گی۔