اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے مطالبے پر وزیراعظم نے ایوان میں آ کر جواب دیا لیکن اپوزیشن کے پاس جھوٹ کے سوائے کچھ نہیں تھا، اس لئے واک آؤٹ کرگئی۔
جواب نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن نے راہ فرار اختیار کی۔ وزیراعظم کے سچ نے اپوزیشن کو ناک آؤٹ کر دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں کا سب سے بڑا تجربہ عمران خان کو ہے۔ جب لوگوں کو آف شور کمپنیوں کے ہجے نہیں آتے تھے، اس وقت عمران خان نے کمپنی بنائی اور چھپائے رکھی۔ میڈیا انکشاف نہ کرتا تو نیازی سروسز لمیٹڈ کا کسی کو پتہ نہ چلتا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان خیرات کے پیسوں سے بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ کہانی اب یونہی ختم نہیں ہوگی بلکہ دور تک جائے گی۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ آج جب وزیراعظم اپوزیشن کے مطالبے پر ایوان میں آئے تو اپوزیشن ارکان واک آؤٹ کر گئے۔
حکومت اس بات پر تیار تھی کہ اپوزیشن کو اپنا موقف بیان کرنے کا پورا وقت دیا جائے گا۔ افسوس ہے کہ اپوزیشن چار آدمیوں کے ہتھے چڑھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے 7 سوالات کا ذکر کیا جس کے جواب آج وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے سامنے دیدیے۔