اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قوم نے مذاکرات کی حمایت کی تھی، آپریشن کی نہیں۔ وزیراعظم ایوان میں آ کر بتائیں کہ مذاکراتی عمل کس نے سبوتاژ کیا، خارجہ پالیسی پر حکومتی یوٹرن نے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بتائے پاکستان شام میں مداخلت کرنے کیوں جا رہا ہے۔؟
حکومت نے اہم معاملات میں اعتماد میں نہ لیا تو استعفیٰ دیدیں گے۔ اپوزیشن پارلیمنٹ کا بائیکاٹ بھی کر دے گی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک جل رہا ہے اور نیرو بانسری بجا رہا ہے ہمارے ملک میں آگ لگی ہوئی ہے حکمرانوں کو سعودی عرب، ایران اور شام کی فکر پڑی ہے۔
فوج کی پیش قدمی کے باعث شمالی وزیرستان سے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں، سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کی حمایت کی تھی پھر آپریشن کس کے کہنے پر کیا جا رہا ہے۔ ؟ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات میں وفاقی حکومت کی مبینہ مداخلت کیخلاف ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔