اپوزیشن نے عدم اعتماد لا کر سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا، فواد چوہدری

 Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد لا کر سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے، عمران خان کے پاس جو فارمولا ہے اپوزیشن والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیاسی امور اور اپنی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اور سب نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، کمیٹی نے اپوزیشن کی جانب سے لوگوں کو خریدنے اور پیش کش کی مذمت کی اور قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلانے کی تجویز دی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں نئے ڈیمز بن رہے ہیں، صرف تحریک انصاف ہی واحد وفاقی جماعت ہے، ہم کوئی 4 ڈویژنز کی پارٹی نہیں ہیں، ہم نے ہمیشہ کامیاب جلسے کیے، پیپلزپارٹی کا مارچ سندھ سے شروع ہوا تو پنجاب میں بکھر گیا، ننھے منے جلوس لے کر آنے والوں کو بتانا ہے کہ عمران خان ہی لیڈر ہیں، اپوزیشن والے تحریک عدم اعتماد نہ لاتے تو ہم ایسے ہی سوئے رہتے، فضل الرحمان، آصف زرداری اور شہبازشریف نے عدم اعتماد لاکر سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے، عمران خان کے پاس جو فارمولا ہے اپوزیشن والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، 3 جوکرز کا جاری کھیل آخری ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نے بلانا ہے، ہماری خواہش ہے اجلاس جلد بلایا جائے، ہمارے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمارے 3 ساتھیوں کو 16 کروڑ اور 20کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی جس کی مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی میں بھی کوئی منحرف نہیں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں، عمران خان چوہدری شجاعت کو اپنے بھائی کی طرح سمجھتے ہیں، ساڑھے 3 سال اتحادی ہمارے ساتھ رہے ہیں، شیخ رشید ہمارے اتحادی ہیں انہوں نے اپنا مؤقف واضح کردیا، اتحادیوں کو علم ہے اس وقت ملک کا لیڈر عمران خان ہی ہے جو غیرت، پاسپورٹ کی عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں، سیاست،حکومت اور مستقبل ہمارے پاس ہیں۔