پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے حکمت عملی تیار کر لی ، وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے پر اتفاق ، عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔
جبکہ ریکوزیشن کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹ بھی لگایا جا سکتا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا بھی آُیشن رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماوں کو اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کیلئے جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد سےبھی رابطوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے اشارہ ملنے پر کیا جائے گا۔