اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ٹی او آر کا متفقہ مسودہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے تیار کر لیا گیا ہے ، تمام اپوزیشن جماعتیں ٹی او آر پر متفق ہیں ، آج ڈرافٹ پر سائن ہوں گے ۔ اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں وسیع تر قومی مفاد میں ٹی او آر پر متفق ہیں ، پنجاب کے علاوہ سندھ اور کے پی کے کی جماعتیں بھی اس سنگین اور حساس معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کی سنجیدہ تحقیقات چاہتے ہیں اور ہمارے حکومت اور وزیر اعظم سے جو مطالبات ہیں اس کے خدوخال اس دستاویز میں موجود ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ مسودہ ہم نے چار گھنٹے کے تبادلہ خیال کے بعد اکٹھا کیا ہے ، ہم نے اس دستاویز کی تیاری کیلئے ایک لیگل کمیٹی قائم کی تھی جس میں تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد نمائندے منتخب کئے گئے تھے ۔ اس کمیٹی کی مشاورت کے بعد ایک متفقہ دستاویز بنائی گئی جسے میڈیا کے سامنے چودھری اعتزاز احسن اور حامد خان پیش کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس تحریک کو ہائی جیک نہیں کیا ، بہت جلد تمام دستاویزات عوام اور میڈیا کے سامنے آجائیں گی ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام جماعتیں پاناما لیکس پر سنجیدہ تحقیقات چاہتی ہیں ۔ ہم پہلے اپنا ٹی او آر مرتب کر کے حکومت کو دیں گے اور اگر حکومت ان مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی تو اس کے بعد ہم اپنی متبادل حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔