اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار کے معافی نہ مانگنے پر اپوزیشن جماعتیں اپنا الگ اجلاس شاہراہ دستور پر منعقد کریں گی۔
سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر داخلہ کے رویے کے خلاف سینیٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتیں اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کیلئے آج اپنا الگ اجلاس شاہراہ دستور پر منعقد کریں گی۔
شاہراہ دستور پر ہونے والے اپوزیشن کے اجلاس میں حالیہ ڈرون حملے، پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ زیر بحث آئے گا۔ اس کے علاوہ ملک کی سیاسی و سیکورٹی صورتحال کے علاوہ چودھری نثار کے رویے پر بھی بحث کی جائے گی۔
اپوزیشن کے احتجاجی اجلاس کی صدارت پینل آف چئیرمینز میں شامل احمد احسن کریں گے۔ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے کیمروں کے سامنے منعقد ہو گا۔