لاہور (جیوڈیسک) مختلف سیاسی و علاقائی جماعتوں کے قائدین اور رہنماوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ماڈل ٹاون لاہور میں ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں حکومت مخالف گرینڈ الائنس سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے دس نکات میں سے کسی ایک نقطے پر بھی کوئی اکٹھا ہوتا ہے تو ہم انھیں ساتھ لیکر چلیں گے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پولیس کو گولی چلانے کا حکم شہباز شریف نے دیا۔ حکومت سے الگ ہوں گے تو یہی افسر ان کے خلاف گواہی دیں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک ایجنڈے پر اکٹھا ہونا چاہیے۔
تحریک انصاف بھی ساتھ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم شہباز شریف کا استعفی مانگ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ وزیر ن لیگ کی حکومت کو لے ڈوبیں گے۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم شہاب الدین، تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان نے بھی وفود کے ہمراہ طاہر القادری سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاون پر افسوس کا اظہار کیا۔