اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی آئی بل کی مخالفت اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف پرویز مشرف کے معاملے پر تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا جس میں حکومت کی جانب سے پی آئی اے ترمیمی بل پاس کرانے کی کوشش کی جائے گی تاہم متحدہ اپوزیشن نے پی آئی اے ترمیمی بل کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایوان کو بلڈوز کر کے بل منظور کرایا گیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے سابق صدر پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی اور اس حوالے سے چوہدری نثار کے اسمبلی میں بیان پر ان کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کیا ہے، متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے معاملے پر چوہدری نثار نے ایوان میں غلط بیانی کی۔