اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن کے جرگے نے عمران خان اور طاہر القادری سے دھرنا کچھ دن ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ شرکا عید اپنے گھروں پر کرسکیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر صدارت اپوزیشن سیاسی جرگے کا اجلاس رحمان ملک کی رہائش گاہ پر ہوا۔
اجلاس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے قائدین اور دیگر سیاسی رہنما آرام سے ہیں لیکن دھرنے کے شرکا مشکل میں ہیں۔ ان کی مشکلات کے پیش نظر دھرنے کچھ روز کے لیے ملتوی کیے جائیں تاکہ وہ عید کی خوشیاں اپنے گھروں میں مناسکیں۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں نے بتایا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ تینوں فریق لچک دکھائیں تو معاملہ 2 دن میں حل ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ڈیڈ لاک کا خاتمہ چاہتے ہیں اب بھی یہی کوشش ہے کہ سارے فریق مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں۔