گھوٹکی (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ ہم روٹی کپڑا اور مکان کی سیاست کرتے ہیں جب کہ ہمارے مخالفین امیروں کے قرضے معاف کرتے ہیں۔
گھوٹکی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے وڈیروں، زمینداروں سے زمین چھین کرغریبوں کو دی اور پیپلزپارٹی آج بھی اسی پالیسی پر گامزن ہے اورغریبوں کی سیاست کرتی ہے، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تاکہ خواتین کو حقوق ملیں، سندھ حکومت غربت مٹاؤ اسکیم چلارہی ہے، جب کہ ہمارے مخالفین امیروں کی سیاست کرتے ہیں امیروں کے قرضے معاف کراتے ہیں اور اب یہ لوگ پی آئی اے اور اسٹیل مل اپنے دوستوں کو دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیاسی شخص نہیں سمجھتا ان کی سیاست عجیب ہے صبح ایک بات اور رات میں دوسری بات کرتے ہیں، پہلے کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں اور پھر سندھ کے جس وزیراعلیٰ کو کرپشن پر نکالا گیا وہی شخص عمران خان کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔