ایم کیو ایم نے اپوزیشن نشستوں کیلئے درخواست دے دی

MQM

MQM

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے اپوزیشن نشستوں کیلئے درخواست جمع کرا دی۔ عامر معین پیرزادہ کو قائد حزب اختلاف نامزد کیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائم مقام اسپیکر شہلارضا نے کہا کہ درخواست دینے والے ارکان آج سے خود کو حزب اختلاف کا حصہ سمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس ختم ہونے کے بعد سیٹوں کی تقسیم کردی جائے گی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر کا اعلان ابھی کیا جائے جس پر قائم مقام اسپیکر نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کے بعد کل اپوزیشن لیڈر کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اجلاس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے عامرمعین پیرزادہ نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے اس سے پہلے سید سردار احمد نے درخواست جمع کرائی تھی جس پر مزید کارروائی ان کا بطور صوبائی وزیر استعفی منظورنہ ہونے کی وجہ سے موخر کر دی گئی ہے۔

سردار احمد کا تاحال وزیر کے عہدے سے استعفی منظور نہیں ہوا۔ قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے عامر معین پیرزادہ کو قائد حزب اختلاف بنانے کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔