اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے ٹی او آرز سامنے لائے، بہتر سمجھیں گے تو شامل کرلیں گے۔
وزیراعظم کے حالیہ ملک گیر دوروں کا مقصد اپوزیشن پر دبائو ڈالنا نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف طبی معائنے کیلئے آئندہ 4 ہفتوں کے دوران دوبارہ لندن جا سکتے ہیں۔ برطانوی ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو چار ہفتے بعد دوبارہ بلایا ہے۔ بجٹ میں عوام پر نئے ٹیکسوں کے نفاذ کی قیاس آرائیاں درست نہیں، وزیراعظم خود ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔
انکوائری کمشن کے ٹی او آرز جاری کر دیئے ہیں، حکومت نے چیف جسٹس کو خط کے ساتھ ضابطہ کار بھی بھیج دیا۔ اپوزیشن کے پاس اپنا ضابطہ کار ہے تو عوام کے سامنے رکھے، دوبارہ بیرون ملک جانے کا فیصلہ وزیراعظم خود کرینگے۔ اپوزیشن کو ٹی او آرز پر اعتراض ہے تو عوام کے سامنے رکھے۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے عمران خان کو اپنے اثاثوں کے فرانزک آڈٹ کی پیشکش کر دی ہے۔
ایک انٹرویو میں وزیرخزانہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے پیشکش کی کہ وہ اپنے اثاثوں کے فرانزک آڈٹ کیلئے تیار ہیں۔ عمران خان بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات پیش کریں اور اسکا فرانزک آڈٹ کرائیں، الزامات ثابت ہوگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔