اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہےکہ موجودہ صورتحال کے باوجود عوام نے جوق درجوق (ن) لیگ کو ووٹ ڈالا اور یہ ایک پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آ رہا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران میاں نواز شریف نے ضمنی الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں ضمنی انتخاب میں سرفراز کیا، ہماری توقعات سے بڑھ کر کل ہمیں فتح ملی، پہلے 50،60 دنوں میں پاکستان کی تاریخ میں ایسا رزلٹ پہلی دفعہ آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود عوام نے جوق درجوق (ن) لیگ کو ووٹ ڈالا، شاہد خاقان عباسی ضمنی الیکشن میں منتخب ہوئے اور راولپنڈی کی نشست بھی ایسی ہی ہے جیسے ہم نے جیتی ہے، باقی سیٹیں (ن) لیگ کی نہیں تھیں ہم نے پی ٹی آئی سے نشستیں جیتی ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھاکہ یہ ایک پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے، ہم سب ملک و ملت کی خیر مانگیں، بطور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب میں نے اور شہبازشریف نے بہت دیانت داری کے ساتھ فرض ادا کیا، یہ ریکارڈ کی بات ہے، دیکھ لیں چار سال میں ڈالر 104 سے نہیں بڑھا، اب 50 دنوں میں ڈالر کا حال دیکھ لیا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مہنگائی کے حالات دیکھ لیں، ہمارے زمانے میں کوئی مہنگائی نہیں تھی اور لوگ خوش تھے، عام اشیاء کی قیمتیں مناسب تھیں، غریب مطمئن تھے، آج انہی کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ اللہ (ن) لیگ کو کامیابیاں دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یکسر سب کچھ بدل گیا، میں جیل میں رہا مجھ پر مقدمے بن رہے ہیں، شہباز شریف جیل میں ہیں نیب کی قید میں ہیں، جس طرح مجھ پر اور شہباز شریف پر مقدمے بنائے گئے وہ دنیا جانتی ہے، جس طرح ہم پر مقدمے بنائے گئے اس کی تصدیق سب نے کی ہے، سعد رفیق سے جو سلوک ہو رہاہے ،ان کے بارے میں یہی ہے کہ آج نہیں تو کل انہیں پکڑیں گے۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ میں اور شاہد خاقان عباسی غداری کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں، اللہ کے فضل سے یہ سارے حالات بدل جائیں گے۔
واضح رہےکہ ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے چار چار نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ لاہور سے وزیراعظم عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشستوں پر تحریک انصاف کو شکست ہوئی ہے۔